لاہور : اسلام آباد، لاہور، کراچی اور سیالکوٹ ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر احتیاطی طور پر اٹھایا گیا، جس کے باعث 40 سے زائد پروازیں متاثر ہو چکی ہیں۔
ایئرپورٹس اتھارٹی نے کمرشل پروازوں کے لیے فضائی حدود وقتی طور پر بند کرنے کا نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا ہے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر "آپریشنل وجوہات" کے باعث پروازیں روکی گئی ہیں۔ لاہور اور سیالکوٹ کے فضائی راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں، جو آج دوپہر 12 بجے تک بند رہیں گے۔ اس دوران اندرون اور بیرونِ ملک آنے جانے والی کئی پروازیں متاثر ہو رہی ہیں۔
پی آئی اے کی مدینہ سے لاہور آنے والی پرواز کو صورتِ حال کے باعث کراچی موڑ دیا گیا۔ پرواز کے تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے اسے ملتان کے بجائے کراچی ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔ ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے، فلائٹ آپریشن بحال کر دیا جائے گا۔ مسافروں سے درخواست ہے کہ وہ روانگی سے پہلے اپنی ایئرلائن سے رابطہ ضرور کریں۔