ترک صدر کی وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں امن کے لیے کردار ادا کرنے کی پیشکش

12:45 AM, 8 May, 2025

اسلام آباد: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ان کا ملک ہمیشہ پاکستان کا بااعتماد ساتھی رہا ہے اور موجودہ حالات میں بھی وہ ثالثی یا معاونت کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

یہ بات ترک صدر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہی۔ وزیراعظم نے بھارت کے حالیہ حملے کے بعد ترکیہ کی جانب سے یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے پاکستانی خودمختاری پر حملے کو سنگین جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی بزدلانہ کارروائی ناقابل برداشت ہے۔

صدر اردوان نے بھارتی حملوں میں بے گناہ پاکستانیوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور پاکستان کے پرامن موقف کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نہ صرف پاکستان کے ساتھ ہے بلکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔

انہوں نے اس موقع پر ترکیہ کی طرف سے پاکستان کے سفارتی اقدامات کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے بین الاقوامی اور غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کو مسترد کر کے خطرناک روش اپنائی ہے۔

مزیدخبریں