کرکٹ کی دنیا پر بھارت کا راج: نیوزی لینڈ کو فائنل میں عبرتناک شکست، تیسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت لیا

10:28 PM, 8 Mar, 2026

احمد آباد : بھارت نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 96 رنز سے شکست دے کر تیسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا تاریخی اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں بھارتی سورماؤں نے کھیل کے ہر شعبے میں کیویز کو آؤٹ کلاس کر دیا۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی، جو ان کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئی۔ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز کا ریکارڈ سکور بورڈ پر سجا دیا۔سنجو سیمسن 46 گیندوں پر 89 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ایشان کشن اور ابھیشیک شرما بالترتیب 54 اور 52 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔شیوم دوبے نے محض 8 گیندوں پر 28 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر مجموعہ پہاڑ جیسا کر دیا۔کیوی بولنگ کی بات کی جائے تو جمی نیشم نے 3 وکٹیں حاصل کیں لیکن وہ رنز کی سیلاب کو روکنے میں ناکام رہے۔
256 رنز کے بھاری ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا کوئی بھی بلے باز بھارتی بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 19ویں اوور میں 159 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔کیوی بیٹر ٹم سیفرٹ 52 اور مچل سینٹنر 47 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کر سکے، جبکہ دیگر کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی نہ پہنچ سکے۔ جسپریت بمرا نے 4 اور اکشر پٹیل نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے کیوی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔ ہاردیک پانڈیا، ورون چکرورتھی اور ابھیشیک شرما نے بھی ایک ایک وکٹ لی۔
اس فتح کے ساتھ ہی بھارت نے دفاعی چیمپئن ہونے کا اعزاز برقرار رکھا اور ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسری بار یہ ٹرافی اپنے نام کی۔ 

مزیدخبریں