لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی جنگی صورتحال کے تناظر میں پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے مافیا کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے اہم ملاقات کے بعد، صوبے بھر میں ایندھن کی سپلائی اور ڈیمانڈ کو کنٹرول کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عالمی منڈی میں تیل کی رسد متاثر ہونے کے خدشے کے پیشِ نظر طلب و رسد میں توازن برقرار رکھنے کے لیے 'پٹرولیم بچت پالیسی' پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو دو ٹوک الفاظ میں حکم دیا ہے کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور تمام اضلاع میں سپلائی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے۔
مریم نواز نے ہدایت کی کہ زرعی مقاصد کے لیے ڈیزل کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے، تاکہ کاشتکار متاثر نہ ہوں۔ پنجاب بھر میں مقررہ نرخوں سے ایک روپیہ بھی زائد وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور پٹرول پمپس پر عوام کو قطاروں میں لگنے سے بچایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے پیرا (PRA) اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو صورتحال کی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا معاشی تحفظ کے لیے فوری اور کڑے فیصلے ناگزیر ہو چکے ہیں۔ اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری قوم کو ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔
پنجاب میں مصنوعی پٹرولیم بحران پیدا کرنے والوں کی شامت: مریم نواز کا سخت ایکشن، 'بچت پالیسی' نافذ
05:18 PM, 8 Mar, 2026