اسلام آباد/کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے اہم ملاقات کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کے تنازع سے پیدا ہونے والے توانائی کے ممکنہ بحران اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ملاقات کے دوران انتباہ جاری کیا کہ اگر مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھی تو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 120 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔ تاہم، انہوں نے ایک مثبت خبر دیتے ہوئے بتایا کہ کل تک پٹرول سے لدے 3 بحری جہاز پاکستان پہنچنے کی توقع ہے، جس سے ملک میں ایندھن کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واضح کیا کہ حکومت عالمی توانائی منڈیوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پیدا ہونے والے مالی اثرات سے نمٹنے کے لیے وفاق نے متبادل منصوبے تیار کر لیے ہیں۔
توانائی کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی ورکنگ ریلیشن شپ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی وزراء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی وقت کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
عالمی بحران کے سائے: وزیراعلیٰ سندھ کی وفاقی وزراء سے ملاقات، پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی پر اہم فیصلے
04:27 PM, 8 Mar, 2026