اگر مملکت یا اس کی آئل تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تو وہ خاموش نہیں بیٹھے گا، سعودی عرب کی ایران کو وارننگ

01:59 PM, 8 Mar, 2026

ریاض : مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے دوران سعودی عرب نے ایران کو واضح پیغام دیا ہے کہ اگر مملکت یا اس کی آئل تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تو وہ خاموش نہیں بیٹھے گا۔

سعودی حکام نے تہران کو بتایا کہ وہ ایران اور امریکا کے درمیان تنازع کا سفارتی حل چاہتے ہیں، مگر ملک کی سلامتی اور توانائی تنصیبات پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

اب تک خلیجی ممالک نے امریکا کو ایران کے خلاف کارروائی کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی، لیکن اگر حملے جاری رہے تو سعودی عرب امریکی افواج کو اپنے فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دینے پر غور کر سکتا ہے۔

ایران کا مؤقف ہے کہ اس کی کارروائیاں خلیجی ممالک کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں موجود امریکی فوجی اہداف کے خلاف ہیں اور تہران نے امریکا کے اڈے بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے شروع ہونے والی کارروائیوں کے بعد سعودی عرب مسلسل تہران سے رابطے میں ہے، لیکن ابھی تک دونوں ممالک کی طرف سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جس سے خطے میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔

مزیدخبریں