واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران میں ایسا صدر چاہیے جو ملک کو جنگ کی طرف نہ لے جائے۔
یہ بیان اس تقریب کے دوران آیا جس میں کویتی ایئربیس پر حملے میں ہلاک ہونے والے 6 امریکی فوجیوں کی میتیں ملک واپس لانے کے بعد ان کے اعزاز میں منعقد کی گئی۔ صدر ٹرمپ کے ساتھ خاتون اول میلانیا ٹرمپ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ کسی سمجھوتے میں نہیں ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ کرد فورسز ایران میں داخل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ مشرق وسطیٰ میں دو طیارہ بردار جہاز بھیجنے پر غور کر رہا ہے، لیکن اب امریکا کو برطانیہ کی ضرورت نہیں۔
صدر نے مزید کہا کہ روس کی جانب سے ایران کی مدد کے کوئی شواہد نہیں ملے اور صحافی کے سوال پر کہا کہ سکول پر حملہ ایران نے کیا تھا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ تیل کی قیمتیں جلد کم ہوں گی۔