لاہور : پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ پاکستانی خواتین نہ صرف اپنے گھروں اور خاندان کے لیے محنت کر رہی ہیں بلکہ مختلف شعبوں میں اپنے ہنر سے ملک کی معیشت میں بھی حصہ ڈالنے کے لیے سرگرم ہیں۔
چاہے یہ کپڑوں کی سلائی اور کڑھائی ہو، دلکش موم بتیاں بنانے کا فن ہو یا گھریلو سجاوٹ کی اشیاء تیار کرنا، خواتین کے ہنر ہر جگہ نظر آتے ہیں۔
پاکستان میں خواتین کی آبادی ملک کی نصف آبادی کے برابر ہے، مگر لیبر فورس میں ان کی شرکت صرف 21 سے 23 فیصد کے درمیان ہے۔ خواتین کا کہنا ہے کہ اگر انہیں مناسب مواقع ملیں تو وہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں بڑھتی ہوئی شمولیت سے ملک کی مجموعی پیداوار (GDP) میں 20 سے 30 فیصد تک اضافہ ممکن ہے۔