اسلام آباد: وفاقی بجٹ 2026-27 کے حوالے سے امپورٹڈ گاڑیوں پر عائد ٹیکسوں میں نمایاں کمی کی تجویز سامنے آئی ہے، جس کی منظوری کی صورت میں ملک میں گاڑیوں کی قیمتوں میں واضح کمی متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹیرف اصلاحات کے دوسرے مرحلے کے تحت حکومت امپورٹڈ گاڑیوں پر عائد ڈیوٹیز میں بڑی کمی پر غور کر رہی ہے، جس کا مقصد مقامی مارکیٹ میں صارفین کو زیادہ سستی اور متبادل گاڑیوں کی دستیابی ممکن بنانا ہے۔
مجوزہ منصوبے کے تحت کسٹمز ڈیوٹی کو تقریباً 100 فیصد سے کم کر کے 50 فیصد تک لانے جبکہ ریگولیٹری ڈیوٹی کو 50 فیصد سے گھٹا کر 20 فیصد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
اس مجوزہ تبدیلی کے بعد امپورٹڈ گاڑیوں پر مجموعی ٹیکس بوجھ تقریباً 150 فیصد سے کم ہو کر 70 فیصد کے قریب آ سکتا ہے۔
اگر یہ اصلاحات منظور ہو جاتی ہیں تو جاپان سمیت دیگر ممالک سے درآمد شدہ استعمال شدہ اور نئی گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ پرانی امپورٹڈ گاڑیوں کی مارکیٹ ویلیو میں 10 سے 15 فیصد تک کمی کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔