لندن: ایک تازہ سائنسی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا بچھو تقریباً 41 کروڑ 50 لاکھ سال قبل برطانیہ کے علاقے میں پایا جاتا تھا۔
مانچسٹر یونیورسٹی کے محققین کے مطابق اس قدیم اور دیوہیکل جاندار کو پریاکٹورس گیگاس کے نام سے شناخت کیا گیا ہے، جس کی لمبائی تقریباً ایک میٹر اور اس کے پنجوں کی لمبائی تقریباً 16 سینٹی میٹر تک تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بچھو اس دور میں سیلابی علاقوں اور دلدلی میدانوں میں رہتا تھا، جب زمین پر حیات ابتدائی شکل میں موجود تھی اور مختلف قسم کے کیڑے مکوڑے اور مکڑی نما جاندار بڑی تعداد میں پائے جاتے تھے۔
تحقیق کے مطابق یہ دریافت زمینی حیات کی ارتقائی تاریخ کو سمجھنے میں اہم پیش رفت ثابت ہوئی ہے۔ اس سے ابتدائی ماحولیاتی نظام کے بارے میں بھی نئے شواہد ملے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ بچھو اس وقت موجود تھا جب زمین پر جنگلات کا مکمل ارتقا بھی نہیں ہوا تھا، اور اس دور کا ماحولیاتی نظام پہلے سے زیادہ پیچیدہ تھا۔