گلگت: گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج نے خطے کی سیاسی صورتحال واضح کرنا شروع کر دی ہے۔ مجموعی نتائج کے رجحان کو دیکھا جائے تو پاکستان پیپلز پارٹی (PPP) اب تک سب سے زیادہ نشستیں حاصل کر کے پہلے نمبر پر دکھائی دے رہی ہے، جبکہ آزاد امیدواروں نے بھی اہم حلقوں میں کامیابی حاصل کر کے بڑے اپ سیٹ کیے ہیں۔
تمام پولنگ اسٹیشنز کے مکمل ہونے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے اسکردو، شگر اور کھرمنگ کے بیلٹ میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔شگر (جی بی اے 12)سے پی پی پی کے عمران ندیم نے 12,944 ووٹ لے کر سب سے بڑی کامیابی حاصل کی، جبکہ اسلامی تحریک کے راجہ محمد اعظم خان دوسرے نمبر پر رہے۔سکردو (جی بی اے 10) پیپلز پارٹی کے ناصر علی خان 6,582 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔سکردو (جی بی اے 9) پی پی پی کے فدا محمد ناشاد نے 6,314 ووٹ حاصل کر کے میدان مارا۔حلقہ جی بی اے 7: یہاں سے بھی پیپلز پارٹی کے سید توقیر مہدی 4,337 ووٹ لے کر فتح یاب ہوئے۔
کھرمنگ (جی بی اے 11) یہاں اگرچہ جزوی نتیجہ (11 پولنگ اسٹیشنز) آیا ہے، مگر پی پی پی کے اقبال حسن 1,607 ووٹوں کے ساتھ واضح برتری بنائے ہوئے ہیں۔بلتستان ریجن کے علاقے گھانچے میں آزاد امیدواروں نے روایتی جماعتوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔گھانچے (جی بی اے 23): آزاد امیدوار انور علی نے 12,117 ووٹ لے کر یکطرفہ مقابلہ جیتا۔گھانچے (جی بی اے 24): آزاد امیدوار اسد شفیق 8,092 ووٹ لے کر کامیاب ٹھہرے۔گھانچے (جی بی اے 22): اس حلقے سے مسلم لیگ (ن) کے محمد ابراہیم ثنائی 9,308 ووٹ لے کر سرخرو ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے عاشق حسین دوسرے نمبر پر رہے۔
سکردو (جی بی اے 8): مجلس وحدت مسلمین (MWM) کے محمد کاظم اور پیپلز پارٹی کے سید محمد علی شاہ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا، جس میں ایم ڈبلیو ایم کے محمد کاظم 10,474 ووٹ لے کر محض چند سو ووٹوں کے فرق سے جیت گئے۔
دیگر اضلاع میں ابھی جزوی نتائج کا سلسلہ چل رہا ہے جہاں پوزیشن لمحہ بہ لمحہ بدل رہی ہے۔
استور (جی بی اے 13 و 14): دونوں حلقوں میں مسلم لیگ (ن) کے رانا فرمان علی اور رانا محمد فاروق کو بالترتیب آزاد امیدوار شاہدہ اور آئی پی پی کے شمس الحق لون پر معمولی برتری حاصل ہے۔غذر (جی بی اے 21): آزاد امیدوار امان علی 5,169 ووٹ لے کر ن لیگ کے غلام محمد سے آگے ہیں۔دیامر (جی بی اے 16): استحکام پاکستان پارٹی (IPP) کے عتیق اللہ کو ن لیگ کے محمد انور پر سبقت حاصل ہے۔