راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف دشمن کی سازشوں اور سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کا پوری قوت سے مقابلہ کیا جائے گا اور قومی حمایت سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹنگ افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگیں سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن ایجنسیوں کی سرگرمیوں سے مکمل آگاہ ہیں اور دشمن کی پراکسیز کو ملکی سلامتی، امن اور معاشی خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ موجودہ دور میں سکیورٹی چیلنجز کی نوعیت تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، جن سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ مہارت، جدید حکمت عملی اور مسلسل تیاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج جنگ کی نئی نوعیت کے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں اور آپریشنل تیاری کو مسلسل بہتر بنا رہی ہیں۔
انہوں نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بلند حوصلے اور جنگی تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے گریجویٹنگ افسران پر زور دیا کہ وہ دیانت، بے لوث خدمت، پیشہ ورانہ دیانت داری اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔