شارجہ سے آنے والا نجی کارگو طیارہ حادثے کا شکار، پی اے اے کی تصدیق

12:48 AM, 8 Jul, 2026

کراچی: پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے نجی کمپنی کے کارگو طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارے اور اس میں سوار عملے کی تلاش کے لیے ہنگامی بنیادوں پر سرچ اینڈ ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ طیارہ چند روز قبل فنی خرابی کے باعث مرمت کے لیے شارجہ روانہ کیا گیا تھا، جہاں پانچ روز تک اس کی تکنیکی مرمت کی گئی۔ بعد ازاں طیارہ بغیر کسی کارگو کے فیری فلائٹ کے ذریعے کراچی واپس آرہا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شارجہ میں طیارے کی مرمت ناردرن ٹیکنیکس نامی ادارے نے کی، جس کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ اس کا تعلق پاکستان کے سابق مشیرِ ہوا بازی سے ہے۔

پی اے اے کے ترجمان کے مطابق شارجہ سے کراچی آنے والی نجی کارگو پرواز نے دورانِ پرواز نیوی گیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی، جس پر کراچی ایریا کنٹرول سینٹر نے فوری طور پر عملے سے رابطہ برقرار رکھتے ہوئے ضروری تکنیکی معاونت فراہم کی۔

ترجمان کے مطابق کچھ ہی دیر بعد طیارے کی پرواز کی بلندی میں اچانک نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس نے اپنا روٹ بھی تبدیل کر لیا۔ اس کے بعد کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغربی سمت میں طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا اور اس سے ہر قسم کا مواصلاتی رابطہ منقطع ہوگیا۔

واقعے کے فوراً بعد ریسکیو کوآرڈی نیشن سینٹر کو فعال کر دیا گیا اور سمندری حدود میں وسیع پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ مختلف متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر لاپتہ طیارے کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں۔

پی اے اے کے مطابق نجی کارگو طیارے میں عملے کے پانچ ارکان موجود تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تلاش کا عمل بدستور جاری ہے اور جیسے ہی مزید معلومات دستیاب ہوں گی، انہیں عوام کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔

مزیدخبریں