کراچی: شارجہ سے کراچی کے لیے روانہ ہونے والی K2 ایئرویز کی ایک کارگو پرواز دورانِ سفر فضائی حکام کے رابطے سے نکل گئی، جس کے بعد پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) نے فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق بوئنگ 737 مال بردار طیارہ کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغربی سمت میں موجود تھا جب اس سے مواصلاتی رابطہ اچانک ختم ہوگیا۔ حکام نے بتایا کہ رابطہ منقطع ہونے سے قبل پائلٹ نے نیوی گیشن سسٹم میں تکنیکی خرابی کی اطلاع دی تھی، جس پر کراچی ایریا کنٹرول سینٹر نے عملے کو فوری فنی معاونت اور ضروری ہدایات فراہم کیں۔
اتھارٹی کے مطابق ریڈار مانیٹرنگ کے دوران طیارے کی پرواز کی بلندی میں غیر معمولی کمی اور اس کے رخ میں اچانک تبدیلی نوٹ کی گئی، جس کے کچھ ہی لمحوں بعد اس سے ہر قسم کا رابطہ ختم ہوگیا۔
واقعے کے بعد لاپتہ طیارے کی تلاش کے لیے سمندری علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ ریسکیو کوآرڈی نیشن سینٹر کو ہنگامی بنیادوں پر فعال کر دیا گیا ہے، جبکہ متعدد متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر تلاش کی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ K2 ایئرویز کی اس کارگو پرواز میں عملے کے پانچ ارکان سوار تھے۔ حکام کے مطابق طیارے اور عملے کا سراغ لگانے کی کوششیں مسلسل جاری ہیں، جبکہ جیسے ہی مزید پیش رفت سامنے آئے گی، اس سے عوام کو باقاعدہ آگاہ کیا جائے گا۔