مائرہ خان…عمراں لنگیاں پباں پار…

09:55 AM, 8 Jul, 2025

دنیا میں آنے والا ہر انسان اپنی عمر اور رزق لکھوا کے آتا ہے۔ اس کے باوجود ہم اکثر دوسرے کو لمبی عمر کی دعائیں دیتے ہیں۔ تْو ہزاروں سال جئے جا خدا تیری لمبی عمر کرے۔ یہ بات جانتے ہوئے بھی کہ انسان کے بنائے ہر عمل اور قانون میں تبدیلی ہو سکتی ہے مگر کائنات میں پھیلی ہر چیز اور انسان کے لکھے رزق اور عمر میں رتی بھر تبدیلی نہیں ہو سکتی۔ مردوں کے بارے میں عمروں میں تھوڑا بہت گھاٹا ’’وادا‘‘ ہو سکتا ہے مگر صنف نازک کے بارے ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا کہ اس کی اصل عمر کیا ہے نہ اس نے آج تک اپنی عمر کے بارے برملا اظہار کیا کہ وہ پچاس کی بھی ہو گی تو بولے گی اٹھارہ کی ہوں… اللہ تعالیٰ کے بعد سوائے ماں باپ کے جن کو علم ہوتا ہے کہ ان کی بیٹی کی عمر کیا ہے۔ ان کے بعد تو اس کی عمر بتانے کا راز تو شاید حکیم لقمان کے کسی نسخے میں نہیں ہوگا۔ کسی زمانے میں جب میں شوبز کی رپورٹنگ کیا کرتا تھا تو اس زمانے میں زیادہ اداکارائیں باقاعدگی کے ساتھ سالگرہ کا اہتمام کرتی تھیں۔ آپ یقین کریں میں آن دی ریکارڈ بات کر رہا ہوں کہ اکثریت کی اٹھارہویں یا انیسویں سالگرہ ہوتی یعنی یہ اٹھارویں اور انیسویں سال سے کبھی آگے گئی ہی نہیں۔ اب ہمارے معاشرتی سسٹم میں برائے ملازمین، برائے شادی شناختی کارڈز پر کم عمریں لکھوائی جاتی ہیں جبکہ اکثریت کے ساتھ ایسا ہوتا نہیں مگر بہت سے لوگ اپنی عمروں کے ساتھ بھی جعلسازی کرتے ہیں تاکہ ان کو سرکاری ملازمت اور رشتہ بروقت مل جائے۔ بات کہاں سے چلی کہاں پہنچ گئی۔ اس ساری تمہید باندھنے کا مقصد سوشل میڈیا پر زور پکڑتی ایک خبر ہے کہ فلم اور ٹی وی اداکارہ مائرہ خان کی عمر زیادہ ہے اور دعویٰ کیا۔ اب ڈاکٹر محمد عادل کو کون نہیں جانتا ان کو ہڈیوں کا علاج کرنے کے ساتھ شوبز کی دنیا کا علاج بھی کرنا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف ٹی وی چینلز پر جب وہ مختلف پروڈکشنز میں بڑے سٹارز کے انٹرویو کرتے اور خاص کر موسیقی کے بارے ان کو اچھا خاصا عبور ہے تو نہیں لگتا کہ وہ ڈاکٹر ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ کبھی اچھے تو کبھی بہت متنازع بیانات دے کر سوشل میڈیا میں اپنی اہمیت کا احساس دلاتے نظر آتے ہیں۔ 
بات ہو رہی تھی عمر کی۔ میرے نزدیک عمر چھپانا کوئی بری بات نہیں۔ اب اصل عمر کا حساب کتاب تو رب نے لینا ہے کس عمر میں یہ وہی جانتا ہے مگر میں اتنا ضرور جانتا ہوں کہ اگر آپ بھولے سے کسی بھی ڈھلتی عمر کی خاتون کو سرراہ آنٹی کہہ کر پکار کر دیکھیں وہ بھرے بازار میں آپ کو صرف اس بات پر کہ اس کو آنٹی کیوں بولا وہ آپ کو بے عزت کرکے رکھ دے گی اور پھر بات اگر مشہور زمانہ مائرہ خان کی ہو جو اپنا بڑھاپا چھپانے کے لئے ہر دم میک اپ میں نظر آتی ہے۔ اس مائرہ خان کے بارے میں ڈاکٹر صاحب سے گزارش ہے کہ وہ اس جیسی بڑی عمر کی اداکاراؤں کے بارے کچھ بولنے سے پہلے ضرور سوچیں کہ مائرہ خان بولے نہ بولے، اس کے ہم عصر اداکار یا اداکارائیں ضرور بولیں گی جیسے نامور گلوکار علی ظفر نے ڈاکٹر عمر عادل کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور سوشل میڈیا پر باقاعدہ ایک واضح پیغام جاری کیا۔ اس تجزیے میں انہوں نے فلم کی کہانی، اداکاروں اور متعدد مناظر کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے یہاں تک کہا کہ فلم کی کہانی میں کئی بالی ووڈ فلموں کی جھلک دکھائی دیتی ہے اور واسع چوہدری نے فلم کو ’’چوںچوں کا مربہ‘‘ بنادیا۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر عمر نے اداکار ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی عمروں کا بھی حوالہ دیا اور مائرہ خان پر خاص طور پر تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مائرہ خان خوبصورت ہیں، لیکن ہدایتکار ندیم بیگ نے پوری فلم میں ان کے بہت زیادہ کلوز اپ شاٹس لیے، جس کی وجہ سے ان کی عمر اور جھریاں نمایاں ہوئیں۔ اگرچہ میک اپ کے ذریعے ماہرہ خان کی جھریاں چھپانے کی کوشش کی گئی، لیکن 70ملی میٹر کی بڑی سکرین پر وہ عمر رسیدہ نظر آئیں، جو اچھا تاثر نہیں دیتا۔ فلم میں مائرہ خان کے بال کچھ اور ہیں، میک اپ کچھ اور ساتھ ہی لپ اسٹک اس طرح لگائی گئی جیسے ہونٹوں پر پپڑیاں جم گئی ہوں۔ علی ظفر نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں لکھا کہ ابھی ایک کلپ دیکھا جس میں ایک ساتھی کو اس کی عمر پر شرمندہ کیا جارہا ہے، یہ صرف مائرہ خان کی عمر کا مسئلہ نہیں، بلکہ ایک بڑے رجحان کا حصہ ہے، جس میں ہم روزانہ سوشل میڈیا پر دوسروں کو شرمندہ کرتے دیکھتے ہیں۔ علی ظفر کے بقول یہ ایک نفسیاتی رویہ ہے جس میں لوگ اپنے اندر کے خوف اور عدم تحفظ کو دوسروں پر منتقل کرتے ہوئے وہ کسی کی عمر، ظاہری شکل، کامیابی یا خوداعتمادی کا مذاق اڑاتے ہیں کیونکہ یہ چیزیں اْن کے اندر کچھ جھنجھوڑتی رہتی ہیں۔ یہ تو علی ظفر کا مؤقف تھا لیکن یاد رکھیں کہ جب کوئی کسی پر تنقید کر رہا ہوتا ہے تو وہ اس کے ذریعے دراصل اپنے بارے میں زیادہ بتا رہا ہوتا ہے کہ ابھی تو میں جوان ہوں۔ علی ظفر چاہے جتنی بھی عمر کے ہوں وہ لگتے تو جوان ہیں اور شوبز کی دنیا میں جوان رہنا ہی ان سب کی بڑی مجبوری ہے۔ میرا نہیں خیال کہ عمر چھپانے سے آپ کو کوئی خزانہ مل جائے گا۔ بتا دیں کہ آپ کتنے سال سے گزر رہے ہیں، عمر گزرنے کے ساتھ چہرے کے نین نقش بھی بدل جاتے ہیں۔ 
اور آخری بات…
ڈاکٹر عمر عادل سے میری گزارش ہے کہ وہ کم از کم اداکاراؤں کی عمروں کا تو لحاظ کریں اور آپ بھی جانتے ہیں کہ عورت کبھی بوڑھی نہیں ہوتی اور وہ بوڑھا ہونے کے باوجود خود کو جوان کہلانا پسند کرتی ہیں جیسے ہر مرد کی خواہش ہوتی ہے کہ جب وہ کہیں جائے اور اس کی بیوی ساتھ ہو تو وہ کم عمر کے ساتھ ساتھ خوبصورت بھی لگے۔ آپ نے ایک تو مائرہ خان کی مثال دی ہے۔ یہاں تو ہر اداکارہ اپنی عمر چھپائے ہوئے ہیں کیا کسی شاعر نے کہا ہے 
عْمراں لنگیاں پباں پار

مزیدخبریں