وزیراعظم شہباز شریف کا دہشت گردی کے خاتمے اور بلوچستان کی ترقی کا اعادہ

08:09 PM, 8 Jan, 2026

کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک افواج نے دشمن کو بھرپور اور مؤثر جواب دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے میں خارجی عناصر ملوث ہیں، تاہم بلوچستان اور خیبرپختونخوا سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں اور دانش اسکولوں کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کو حکومت قومی ترقی تصور کرتی ہے اور صوبے کے عوام کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ غیور بلوچ اور پشتون قوم نے قیامِ پاکستان میں تاریخی کردار ادا کیا۔ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا مگر آبادی کے لحاظ سے چھوٹا صوبہ ہے، اس لیے یہاں خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ حکومت صوبے کی ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ پنجاب این ایف سی ایوارڈ میں اپنے حصے کے 11 ارب روپے بلوچستان کو فراہم کرتا ہے جبکہ چاروں صوبوں کو ترقی کا برابر حق حاصل ہے۔ انہوں نے قومی شاہراہ این 25 کو ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے پیچھے فتنہ الہندوستان اور دیگر دشمن عناصر سرگرم ہیں، تاہم پاک فوج اور سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف پوری قوت سے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہادت پانے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیم کے فروغ کے لیے بلوچستان میں پانچ دانش سکولوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے جبکہ جنوبی بلوچستان میں بھی مزید تعلیمی ادارے قائم کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انشاءاللہ دشمن کے عزائم ناکام ہوں گے اور ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر کے پاکستان کو امن اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔

مزیدخبریں