بھارتیہ جنتا پارٹی کی ضد خطے کے لیے خطرہ: ششی تھرور نے مودی سرکار کا 'پاکستان مخالف' بیانیہ مسترد کر دیا

03:28 PM, 8 Feb, 2026

نئی دہلی: بھارتی سیاست کے نمایاں نام اور کانگریس کے رہنما ششی تھرور نے مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کا بھانڈا پھوڑتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو تنہا کرنے کی پالیسی محض ایک خود فریبی کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کو مستقل دشمن سمجھنے کی سوچ اب خود بھارت کے لیے ناکام ثابت ہو رہی ہے۔
بھارتی اخبار 'انڈین ایکسپریس' میں اپنے مراسلے میں ششی تھرور نے بی جے پی کی انتہا پسندانہ سیاست پر سوال اٹھاتے ہوئے لکھا۔انہوں نے کہاکہ  پاکستان سے مذاکرات کے بغیر خطے میں امن قائم کرنا ناممکن ہے، اور بھارت کا دانشور طبقہ اب اس سچائی کو تسلیم کر رہا ہے۔
بی جے پی کا تصادم پر مبنی بیانیہ اب بھارت کے اندر ہی اپنی جڑیں کھو رہا ہے اور اسے سنجیدہ حلقوں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔
ششی تھرور نے بی جے پی کو خبردار کیا کہ پڑوسی ملک کے ساتھ مسلسل کشیدگی اور تصادم کی سیاست پورے جنوبی ایشیا کو غیر محفوظ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمنی کو پالیسی کے طور پر اپنانا اب سود مند نہیں رہا بلکہ یہ بھارت کے اپنے سفارتی قد کاٹھ کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
کالم نگار نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ مودی سرکار کا یہ دعویٰ کہ انہوں نے پاکستان کو دنیا میں الگ تھلگ کر دیا ہے، حقیقت کے برعکس ہے۔ بھارت کے اندر اب یہ بحث زور پکڑ رہی ہے کہ پاکستان سے دشمنی نبھانے کے بجائے مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ہی ہوشمندی ہے۔

مزیدخبریں