کیوی ٹیم کا پاور شو: نیوزی لینڈ نے افغانستان کو پچھاڑ دیا، ٹم سائیفرٹ کی دھواں دھار بیٹنگ

03:21 PM, 8 Feb, 2026

کولمبو : ٹی 20 ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے مات دے دی۔ افغانستان کا 183 رنز کا بڑا ہدف بھی کیوی بلے بازوں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوا اور نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف 18 ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے ٹم سائیفرٹ افغان باؤلرز پر ٹوٹ پڑے، انہوں نے 65 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر میچ کا پانسا پلٹ دیا۔
    گلین فلپس نے 42 رنز بنا کر سائیفرٹ کا بھرپور ساتھ دیا جبکہ مارک چیپ مین نے 28 رنز کی اننگز کھیل کر جیت پر مہر ثبت کر دی۔
    افغانستان کے مجیب الرحمٰن نے دو وکٹیں حاصل کیں مگر وہ کیوی بلے بازوں کی پیش قدمی روکنے میں ناکام رہے۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 182 رنز بنائے تھے۔ گلبدین نائب نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 رنز اسکور کیے، لیکن ان کی یہ محنت باؤلرز کے دفاع نہ کر پانے کی وجہ سے رائیگاں گئی۔
ورلڈ کپ میں آج کی کارروائی ابھی ختم نہیں ہوئی، دن کا آخری مقابلہ میزبان سری لنکا اور آئرلینڈ کے درمیان ہوگا، جہاں ہوم گراؤنڈ پر آئی لینڈرز کی برتری کا امتحان لیا جائے گا۔

مزیدخبریں