لاہور: ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے سے متعلق پیدا ہونے والے تعطل کو ختم کرنے کے لیے آج بڑی پیش رفت کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا ایک خصوصی وفد پاکستان کو منانے کے لیے آج لاہور پہنچ رہا ہے، جہاں پاکستان کی جانب سے میچ کے بائیکاٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر اہم مذاکرات کیے جائیں گے۔
آئی سی سی کا وفد، جس کی صدارت ڈپٹی چیئرمین کر رہے ہیں، آج شام 4 بجے لاہور پہنچے گا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد پی سی بی حکام کے ساتھ ہنگامی اجلاس کرنا ہے تاکہ پاکستان کے تحفظات کو دور کر کے اسے روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں اترنے پر آمادہ کیا جا سکے۔
اس اہم صورتحال میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے چیئرمین امین الاسلام بھی میدان میں آ گئے ہیں اور وہ ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ بی سی بی چیئرمین امین الاسلام اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے درمیان ایک اہم ملاقات طے ہے، جس میں ٹی 20 ورلڈ کپ سمیت کرکٹ کے دیگر اہم امور پر مشاورت کی جائے گی۔
باہمی تعاون: ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلادیشی حکام کی آمد کا مقصد ایشیائی کرکٹ بلاک کے تحفظات کو آئی سی سی کے سامنے مضبوط انداز میں رکھنا ہے۔
آئی سی سی کا وفد اور بی سی بی کے صدر اجلاس کے بعد آج ہی واپس روانہ ہو جائیں گے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس ملاقات کے بعد پاک بھارت میچ کے مستقبل اور ورلڈ کپ کے شیڈول کے حوالے سے کوئی حتمی اور بڑا فیصلہ سامنے آ جائے گا۔