وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شہید کیپٹن عباس خان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار

01:10 PM, 8 Feb, 2026

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کیپٹن عباس خان کی لنڈی کوتل میں واقع رہائش گاہ پر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ اس موقع پر آئی جی فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔

محسن نقوی نے شہید کی والدہ، والد اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیر داخلہ نے شہید کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

انہوں نے کہا، "آپ جیسے حوصلے والے والد کا جذبہ پوری قوم کے حوصلے کو مزید مضبوط کرتا ہے، اور آپ کے بلند حوصلے کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔"شہید کیپٹن عباس خان کے والد نے اس موقع پر کہا، "ہمیں اپنے بہادر بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ وطن کے لیے ہر بیٹا تیار ہے۔"

وزیر داخلہ نے دورے کے دوران قبائلی عمائدین اور مشران سے بھی ملاقات کی، جنہوں نے مسلح افواج کا بھرپور ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید کیپٹن عباس کے نقشِ قدم پر چل کر وہ دفاعِ وطن کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، اور وطن کی سالمیت پر کسی بھی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

مزیدخبریں