اسلام آباد : اسلام آباد میں حالیہ خودکش دھماکے کے بعد امریکہ نے پاکستان کے لیے نئی سکیورٹی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان میں موجود یا سفر کا ارادہ رکھنے والے امریکی شہری محتاط رہیں اور غیر ضروری طور پر عوامی اجتماعات میں شرکت سے گریز کریں۔
ایڈوائزری میں امریکی شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی ذاتی سکیورٹی سے متعلق انتظامات کا دوبارہ جائزہ لیں اور مقامی میڈیا کے ذریعے بدلتی ہوئی صورتحال پر نظر رکھیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد کے نواحی علاقے ترلائی کلاں میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش حملے میں 33 افراد جاں بحق جبکہ 150 سے زائد زخمی ہو گئے تھے، جس کے بعد سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔