ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ آج سےشروع ہوگا

01:59 PM, 8 Feb, 2026

لاہور : ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، جو کہ منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 8 سے 10 فروری تک پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے، جب کہ پنجاب کے دیگر حصوں میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے۔

خاص طور پر فیصل آباد ڈویژن میں 9 سے 10 فروری کے دوران گھنے بادلوں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔بلوچستان کے 19 اضلاع میں آج ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے، اور چمن، پشین، قلعہ عبد اللہ، قلعہ سیف اللہ اور زیارت کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری بھی ہو سکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے، خاص طور پر پشاور سمیت صوبے کے میدانی علاقوں میں آج رات سے بارش شروع ہو سکتی ہے۔

کراچی میں بھی مطلع ابرآلود رہنے اور چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا فوری طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔شہریوں کو موسم کی تبدیلی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی توصیہ کی گئی ہے تاکہ کوئی مشکل پیش نہ آئے۔

مزیدخبریں