اگلی بار پاکستان کا ردعمل بھارتی گمان سے کہیں زیادہ تیز ہوگا: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی وارننگ

09:08 PM, 8 Dec, 2025

راولپنڈی : چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی جھوٹی امید یا مفروضے پر نہ رہیں، اگلی بار پاکستان کا ردعمل اس سے کہیں زیادہ تیز اور شدید ہوگا۔

تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ ہمیں مشترکہ آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ملٹی ڈومین آپریشنز کو بہتر طریقے سے چلانے کی ضرورت ہے، اور اس کے لیے تینوں افواج کا مربوط نظام قائم کرنا ضروری ہے۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز کا قیام ایک تاریخی فیصلہ ہے جو بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قدم دفاعی فورسز کے لیے ایک سنگ میل ہے اور اس کے ذریعے تینوں افواج کے آپریشنز کو باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ مضبوط کیا جائے گا، جبکہ ہر سروس اپنی خودمختاری کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی آپریشنل تیاریوں پر توجہ مرکوز رکھے گی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے طالبان حکومت کو واضح طور پر پیغام دیا کہ ان کے پاس دو ہی راستے ہیں: یا تو وہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کریں، یا پھر خوارج کی حمایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور کسی کو بھی ہماری خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کا عزم ایمان سے بھرپور فوجیوں اور متحد قوم کی طاقت سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر طرح کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اور دشمن کو یہ واضح پیغام ہے کہ ہمارے ملک کی سرحدوں میں امن قائم ہے اور ہم کسی بھی صورت میں اپنی خودمختاری کا دفاع کریں گے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی دفاعی طاقت نہ صرف مضبوط ہے بلکہ یہ دشمنوں کے لیے ایک سخت پیغام ہے کہ ہم اپنے ملک کی سالمیت کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
 
 

مزیدخبریں