گھریلو صارفین کے لیے گیس سپلائی میں 26 فیصد اضافہ، وزیر پٹرولیم کی اہم اطلاع

07:09 PM, 8 Dec, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت گیس کی فراہمی کی صورتحال پر ایک اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں گیس کی فراہمی میں گذشتہ سال کے مقابلے میں بہتری کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ سوئی کمپنیوں نے وزیرِ پٹرولیم کو گیس کی فراہمی سے متعلق مکمل ڈیٹا فراہم کیا۔

علی پرویز ملک نے اجلاس میں بتایا کہ اس سال گھریلو صارفین کے لیے گیس کی فراہمی میں 26 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، اور گیس کی فراہمی میں پچھلے سال کے مقابلے میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سردیوں میں مشکلات سے بچانے کے لیے موثر اقدامات کیے گئے ہیں، جس کے باعث صارفین کی جانب سے مثبت ردعمل میں اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم نے سوئی کمپنیوں کو ہدایت دی کہ وہ کھانے کے اوقات میں گیس پریشر کو مستحکم رکھیں تاکہ صارفین کو کوئی تکلیف نہ ہو۔

ایم ڈی سوئی سدرن نے اجلاس میں بتایا کہ کوئٹہ میں گیس کی فراہمی کے دورانیے میں دو گھنٹے کا مزید اضافہ کیا گیا ہے۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ اس سال سوئی نادرن اور سوئی سدرن گیس کمپنیوں کی شکایات کے حل میں نمایاں بہتری آئی ہے، اور ہر شکایت کو فوراً حل کرنا کمپنیوں کی اولین ذمہ داری ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ گیس کے کم پریشر کی شکایات کو فوری بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

ایم ڈی سوئی کمپنیوں نے اجلاس میں بتایا کہ 1199 ہیلپ لائن اور شکایات کے نظام کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے خصوصی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ، کمپنیوں نے کنٹرول رومز قائم کر کے شکایات کے جلد از جلد حل کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
 
 

مزیدخبریں