لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی خود پسندی اور انتھائی غیر سنجیدہ رویہ کوئی نیا مسئلہ نہیں ہے، کیونکہ انہوں نے ہمیشہ حکومت کے خلاف گالی گلوچ اور غلیظ زبان استعمال کی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے ناپسندیدہ بیانات پر کبھی بھی توبہ یا لاتعلقی کا اظہار نہیں کیا۔ 9 مئی کو 300 سے زائد عسکری تنصیبات پر حملہ کر کے ملک کی سلامتی کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا، جو کہ آئین کے مطابق ایک سنگین جرم ہے اور اس کی سزا موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "اگر کوئی ملک دشمن کے ساتھ اتحاد کر کے پاکستان کے خلاف سازش کرے، تو اسے آزادی اظہار رائے نہیں کہا جا سکتا۔ ایسے لوگ ذہنی طور پر بیمار ہیں اور جب ان سے بات کی جاتی ہے تو وہ بدتمیزی اور گالیوں سے جواب دیتے ہیں۔"
مریم اورنگزیب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اسرائیل اور بھارت سے فنڈنگ کا ذکر کرتے ہیں، جبکہ آئی ایم ایف کو خط لکھ کر پاکستان کی مدد نہ کرنے کی اپیل کی جاتی ہے۔ "آپ کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ آپ ملکی سلامتی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کریں۔"
سینئر وزیر نے سوال اٹھایا کہ "اداروں پر حملے اور آرمی چیف کو متنازع بنانے کی کوششیں کیوں کی جا رہی ہیں؟ یہ پاکستان کے دفاع اور استحکام کا معاملہ ہے، اور ہمیں آج ایک صفحے پر آنا ہوگا۔ شہیدوں کے مجسموں کو گرا کر ان کی توہین کرنا اور وفاقی سطح پر نفرت پھیلانا ملک کے لیے نقصان دہ ہے، ایسے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔"
انہوں نے کہا کہ "کچھ لوگ بھارتی میڈیا پر بیٹھ کر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن انہیں یہ آزادی نہیں دی جا سکتی۔ آپ جیل میں ہیں کیونکہ آپ نے بطور وزیراعظم کرپشن کی، اور اب اس کا حساب دے رہے ہیں۔ 9 مئی کا واقعہ پاکستان کی تاریخ کا ایک منفرد دن تھا، اور ایسا دوبارہ نہیں ہو سکتا۔"
مریم اورنگزیب نے آخر میں کہا کہ "آج پاکستان میں ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے، اور افواج پاکستان پر عوام کا اعتماد بحال ہو چکا ہے۔ آپ کا جھوٹ اب بے نقاب ہو چکا ہے، اور عوام کو آپ کی اصلیت کا پتا چل چکا ہے۔"