سمریتی مندھانا اور پالاش مچل کی منسوخ شادی: قیاس آرائیاں ختم، دونوں کی وضاحت پیش

12:20 PM, 8 Dec, 2025

نئی دہلی : بھارتی ویمن کرکٹر سمریتی مندھانا اور موسیقار پالاش مچل کی منسوخ شدہ شادی کے بارے میں جو قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں، ان پر دونوں نے اپنے بیانات کے ذریعے وضاحت دی ہے۔

سمریتی مندھانا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس بات کی تصدیق کی کہ ان کی شادی منسوخ ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو ذاتی رکھتی ہیں اور اس لیے صرف اتنا بتانا چاہتی ہیں کہ شادی نہیں ہو رہی۔

سمریتی کے اعلان کے بعد پالاش مچل نے بھی انسٹاگرام پر ایک طویل نوٹ شیئر کیا، جس میں انہوں نے ان دونوں کے درمیان بےوفائی سے متعلق پھیلنے والی افواہوں کی سختی سے تردید کی۔ پالاش نے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کر چکے ہیں، لیکن سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جھوٹی باتوں نے انہیں بہت تکلیف پہنچائی ہے۔

پالاش نے اس دور کو اپنی زندگی کا سب سے مشکل وقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسے وقار کے ساتھ سنبھالیں گے اور اگر جھوٹے الزامات لگانے والے افراد کے خلاف کوئی کارروائی کی ضرورت ہوئی تو ان کی ٹیم سخت قانونی اقدامات اٹھائے گی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ سمریتی اور پالاش کی شادی 23 نومبر 2025 کو سانگلی، مہاراشٹر میں طے تھی، تاہم سمریتی کے والد کی طبیعت کی خرابی اور پالاش کی ہسپتال منتقلی کے بعد دونوں میڈیا اور سوشل میڈیا سے دور ہو گئے تھے۔

مزیدخبریں