وزیر داخلہ محسن نقوی کا پاک بحریہ کے انسداد منشیات آپریشن پر اظہارِ تحسین

11:33 AM, 8 Dec, 2025

اسلام آباد :  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک بحریہ کے بحیرہ عرب میں کامیاب انسداد منشیات آپریشن کو شاندار کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم کو بحریہ کے جانبازوں پر فخر ہے۔

اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ پاک بحریہ نے 30 لاکھ ڈالر مالیت کی 1500 کلو گرام منشیات ضبط کر کے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے نیول چیف اور یمامہ جہاز کے عملے کو اس کامیاب آپریشن پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ آپریشن پاکستان کو منشیات سے بچانے کے عزم کی ایک بڑی کامیابی ہے۔

وزیر داخلہ نے یمامہ جہاز کے افسروں اور جوانوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ نے اپنے پیشہ ورانہ انداز میں بڑی مقدار میں منشیات ضبط کر کے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن پاک بحریہ کی مستعدی اور عزم کا مظہر ہے، اور یہ پاکستان کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے ان کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاک بحریہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت میں اپنی خدمات فراہم کر رہی ہے۔

مزیدخبریں