بند کمروں میں نہیں، سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پالیسی بنائی جائے: چیئرمین پامی

پامی پنجاب کی نئی ایگزیکٹو باڈی کی حلف برداری، صباحت خان صدر اور عثمان انور جنرل سیکرٹری منتخب

08:10 PM, 8 Aug, 2026

لاہور: پاکستان ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ  میڈیکل اینڈ ڈینٹل انسٹی ٹیوشنز (پامی) پنجاب کی نئی ایگزیکٹو باڈی کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں صباحت خان کو صدر اور عثمان انور کو جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پامی سنٹرل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن سیکٹر کا بڑا حصہ نجی شعبے سے وابستہ ہے، اس کے باوجود پالیسی سازی میں متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو مناسب نمائندگی نہیں دی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی وہ لوگ بنا رہے ہیں جنہوں نے کبھی کلینک نہیں چلایا، اس لیے انہیں زمینی مسائل کا مکمل ادراک نہیں ہوتا۔

پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ بند کمروں میں پالیسیاں نہیں بننی چاہئیں، میڈیکل ایجوکیشن کے تمام سٹیک ہولڈرز کو پالیسی سازی کے عمل میں شامل کیا جائے تاکہ فیصلے زمینی حقائق کے مطابق ہوں اور معیاری تعلیم کا فروغ ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ملک سونے، چاندی یا تیل سے نہیں بلکہ اچھی پالیسیوں سے چلتے ہیں۔ ہم پالیسیوں پر عملدرآمد چاہتے ہیں، تاہم پالیسی بنانے والوں کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ ان پر عملی طور پر عملدرآمد کیسے ممکن ہے۔

چیئرمین پامی نے کہا کہ نائب وزیراعظم کے ساتھ ہونے والے ایک اجلاس میں طے ہوا تھا کہ پی ایم ڈی سی میں پامی کے دو ممبران ہونے چاہئیں، تاہم اس حوالے سے فائل تاحال زیر گردش ہے۔

میڈیکل کالجز کی فیسوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ صرف میڈیکل کالجز سے فیسوں کا حساب مانگا جاتا ہے، جبکہ دیگر تعلیمی ادارے بھی مختلف سطحوں پر بھاری فیسیں وصول کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر میڈیکل کالجز فیسیں وصول نہیں کریں گے تو اداروں کے بڑھتے ہوئے اخراجات کیسے پورے کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجز کو بجلی کے کروڑوں روپے کے بل، فیکلٹی کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں، اس لیے فیس اداروں کے مالی استحکام اور تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے ضروری ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن کی ڈیمانڈ کم نہیں ہوئی، لیکن دوسری جانب اسکول اور کالجز بند کیے جا رہے ہیں۔ اگر موجودہ مسائل کا بروقت حل نہ نکالا گیا تو نظام میں تبدیلی ناگزیر ہو جائے گی۔

انہوں نے پامی پنجاب کی نئی قیادت کے انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو متحد دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ خیبرپختونخوا کا چیپٹر بھی مضبوط ہے، تاہم پنجاب کی موجودہ یکجہتی قابلِ تحسین ہے۔

تقریب میں پامی پنجاب کی نئی کابینہ کا انتخاب بھی عمل میں آیا۔ صباحت خان صدر، عثمان انور جنرل سیکرٹری، پروفیسر میاں عبدالرشید ایڈوائزر، حسن چیمہ خزانچی اور پروفیسر مہوش عروج جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئیں، جبکہ عمران رسول کو جوائنٹ سیکرٹری جنوب اور محمد حیدر امین کو جوائنٹ سیکرٹری شمال منتخب کیا گیا۔

چیئرمین پامی نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت میڈیکل ایجوکیشن سیکٹر کو درپیش مسائل کے حل اور معیارِ تعلیم کی بہتری کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔

مزیدخبریں