جرمنی نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی معطل کرنے کا اعلان کر دیا

08:05 PM, 8 Aug, 2025

برلن: جرمن حکام نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایسا کوئی عسکری سامان اسرائیل کو فراہم نہیں کریں گے جس کا استعمال غزہ میں کیا جا سکے۔ جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے جمعے کو کہا کہ ان کی حکومت اسرائیل کو ہتھیاروں کی برآمدات روک دے گی کیونکہ غزہ پر اسرائیلی قبضے کے منصوبے کی منظوری کے بعد یہ ہتھیار غزہ کی پٹی میں استعمال ہو سکتے ہیں۔

فریڈرک مرز نے کہا کہ آئندہ تک کوئی بھی عسکری ساز و سامان اسرائیل کو نہیں بھیجا جائے گا جو غزہ میں استعمال ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں اسرائیلی فوج کا منصوبہ سمجھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے کہ یہ کس طرح جائز مقاصد حاصل کرے گا۔

یاد رہے کہ جرمنی تاریخی طور پر اسرائیل کو ہتھیار فراہم کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے۔

دوسری جانب، چین کی وزارت خارجہ نے غزہ پر اسرائیلی قبضے کے منصوبے کی منظوری کے بعد فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ غزہ فلسطینی عوام کا علاقہ ہے۔

یورپی کمیشن کی صدر ارسلا فان ڈیر لیئن نے بھی اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ غزہ میں فوجی کارروائیوں کو بڑھانے کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔ انہوں نے قیدیوں کی فوری رہائی اور غزہ میں فوری انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا اور وہاں فوری طور پر جنگ بندی کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا۔
 

مزیدخبریں