راولپنڈی میں غیرت کے نام پر قتل کی جانے والی 17 سالہ سدرہ کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ پولیس نے مقتولہ کا موبائل فون اور پرس برآمد کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، مقتولہ کا موبائل فون ملزم ضیاء الرحمن کی نشاندہی پر برآمد کیا گیا ہے، جس کا فرانزک تجزیہ کرایا جائے گا۔ پولیس نے مقتولہ کے موبائل کا کال ڈیٹا ریکارڈ بھی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ، پولیس نے مقتولہ کے کپڑے اور آلہ قتل (تکیہ) بھی برآمد کر لیے ہیں، جبکہ مظفر آباد جانے والی تین گاڑیوں کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ سدرہ کا قتل 21 جولائی کو تھانہ پیر ودھائی کی فوجی کالونی میں ہوا تھا، جس کے بعد ضیاء الرحمن نے مقدمہ درج کروا کر اپنی بیوی کے فرار ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔