کیلیفورنیا: ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے اپنی ایپ میں دو نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں جو صارفین کے تجربے کو مزید آسان اور دلچسپ بنائیں گے۔ ان میں ایک فیچر پوسٹس کو خودکار طور پر ترجمہ کرنے کی سہولت فراہم کرے گا، جبکہ دوسرا ایڈوانسڈ تصویری ایڈیٹر ہے۔
کمپنی کے پراڈکٹ ہیڈ نکیتا بیر کے مطابق یہ دونوں فیچرز X AI کے گروک ماڈلز پر مبنی ہیں اور دنیا بھر میں دستیاب ہوں گے۔ خودکار ترجمہ استعمال کرنے کے لیے صارفین کو پوسٹ میں موجود گیئر آئیکون پر کلک کر کے اپنی پسندیدہ زبان منتخب کرنی ہوگی۔ اس سے پوسٹس کو عالمی سطح پر آسانی سے پہنچایا جا سکے گا۔
نئی iOS اپ ڈیٹ کے ذریعے صارفین تصاویر میں ڈیزائن، ٹیکسٹ ٹولز اور تصویر کی مخصوص تفصیلات کو دھندلا (Blur) کرنے جیسی تبدیلیاں کر سکیں گے۔ اس عمل میں Grok AI ماڈل صارفین کے انتخاب کے مطابق تصاویر کو ایڈٹ کرنے میں رہنمائی کرے گا۔
کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ یہ تصویری ایڈیٹنگ کا فیچر جلد ہی اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی دستیاب ہو گا۔