"جنگ کے شعلے بجھ گئے، منزل اب ترقی ہے": وزیراعظم شہباز شریف کا امریکہ اور ایران کے درمیان سیز فائر اور وفود کی پاکستان آمد کا اعلان

06:49 PM, 8 Apr, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی کا اعلان کیا ہے۔ کابینہ ارکان نے تالیاں بجا کر وزیراعظم کا خیر مقدم کیا، جس پر انہوں نے اس کامیابی کو اللہ کا فضل اور پوری قوم کی عزت قرار دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس کو بتایا کہ پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کے نتیجے میں خطے پر منڈلاتے جنگ کے بادل چھٹ گئے ہیں۔ انہوں نے کہامیری درخواست پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے 2 ہفتوں کے سیز فائر پر اتفاق کر لیا ہے۔ اللہ کے فضل سے جنگ کے شعلے بجھ گئے ہیں اور اب میری دعوت پر امریکہ اور ایران کے وفود 10 اپریل کو پاکستان آ رہے ہیں۔"
وزیراعظم نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مسلمانوں کو آپس میں لڑانے اور بھائی کو بھائی کے سامنے کھڑا کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن پاکستان نے وقار کے ساتھ اس فتنے کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہامیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اس عظیم کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، جن کی قیادت میں سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر تھی۔
    وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ٹیم اور صدر آصف علی زرداری کی رہنمائی کی بھی تعریف کی۔شہباز شریف نے چین، سعودی عرب، قطر اور ترکیہ سمیت تمام دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے امن کاوشوں میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے سعودی عرب میں پیٹروکیمیکل کمپلیکس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے بھائی سعودی عرب کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب کے اختتام پر پرامید لہجے میں کہا کہ "جنگ بندی پہلا قدم ہے، ہماری منزل اب صرف ملکی ترقی اور خوشحالی ہے۔ اللہ نے چاہا تو امن کے یہ شعلے ہمیشہ کے لیے بجھ جائیں گے۔" عالمی میڈیا کی جانب سے پاکستان کے اس کردار کو سراہے جانے پر انہوں نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی۔

مزیدخبریں