سفارتی اور دفاعی میدان میں پاکستان کی بڑی سبقت، بھارت کو ہر محاذ پر شکست ہوئی: خواجہ آصف

06:04 PM, 8 Apr, 2026

اسلام آباد : وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قومی اسمبلی میں ولولہ انگیز خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو عبرتناک شکست دے کر عالمی سطح پر اپنی تکریم میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور قیادت کی بصیرت کی معترف ہے۔
وزیر دفاع نے ایوان کو بتایا کہ گزشتہ سال پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جو جواب دیا اس سے دشمن کا تکبر خاک میں مل گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا پر واضح ہو چکا ہے کہ جارح کون ہے، یہاں تک کہ خود بھارت کے اندر بھی پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا اعتراف کیا جا رہا ہے۔ ہماری 78 سالہ تاریخ میں قوم کے لیے اس سے زیادہ فخر کا لمحہ کوئی نہیں ہو سکتا۔
    عالمی پذیرائی: امریکی صدر کی جانب سے 60 سے 70 مرتبہ پاکستان کی فتح کی تعریف کی گئی۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی بصیرت نے ملک کو عالمی سطح پر ممتاز مقام دلایا۔ پاکستان خلیجی ممالک کے درمیان کسی گروہ بندی کے بجائے "صلح کار" کا کردار ادا کر رہا ہے کیونکہ خلیج کے دونوں اطراف ہمارے بھائی بستے ہیں۔
طالبان کے خلاف آپریشنز پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ہماری فورسز انتہائی کامیابی سے دشمن کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ تاہم انہوں نے ماضی کی پالیسیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جن کو ہم نے 5 دہائیوں تک پالا، آج وہی ہمارے خلاف صف آرا ہیں۔
وزیر دفاع نے اس تاریخی کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کا دفاع اور سفارت کاری مستقبل میں مزید مستحکم ہوگی۔

مزیدخبریں