اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کو پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی سفارتی کامیابی قرار دے دیا گیا۔ کابینہ نے متفقہ طور پر جمعہ کے روز ملک بھر میں 'یومِ تشکر' منانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں امن کی پائیداری کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔
وزیراعظم نے کابینہ کو خوشخبری سنائی کہ پاکستان کو بہت جلد امریکا اور ایران کے درمیان باقاعدہ مذاکرات کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا وقار اب عالمی برادری میں ایک ذمہ دار اور طاقتور ملک کے طور پر مسلم ہو چکا ہے۔ وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تزویراتی مہارت اور امن کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور سول قیادت کی مشترکہ حکمت عملی نے دنیا کو تباہی سے بچا لیا۔ وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ ہماری کوششیں محض جنگ بندی تک محدود نہیں رہیں گی، بلکہ ہم اس عارضی تعطل کو ایک مستقل امن معاہدے میں تبدیل کریں گے تاکہ خطے کو جنگ کے شعلوں سے ہمیشہ کے لیے محفوظ کیا جا سکے۔
وفاقی کابینہ کے ارکان نے اس غیر معمولی کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کی۔ اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ "پوری قوم جمعہ کے دن اللہ کے حضور سربسجود ہو کر شکر ادا کرے اور یہ دعا کرے کہ پاکستان کا یہ امن مشن پوری دنیا کے لیے رحمت ثابت ہو۔
"پاکستان بنے گا امن کا میزبان: وفاقی کابینہ کا جمعہ کو یومِ تشکر منانے کا فیصلہ"
02:35 PM, 8 Apr, 2026