مشرقِ وسطیٰ میں جنگی جنون تھم گیا: اسرائیل کا بھی جنگ بندی پر اتفاق، وائٹ ہاؤس نے حملے روکنے کا حکم جاری کر دیا

09:43 AM, 8 Apr, 2026



واشنگٹن / اسلام آباد :دنیا ایک ہولناک جنگ کے دہانے سے واپس پلٹ آئی؛ پاکستان، امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے امن معاہدے میں اب اسرائیل بھی شامل ہو گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی قیادت نے عارضی جنگ بندی قبول کرتے ہوئے ایران پر بمباری روک دی ہے اور وہ اب مذاکرات کی میز پر آنے کے لیے تیار ہے۔
وائٹ ہاؤس کے عہدیداروں کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ اہم اعلان ایران کے لیے مقرر کردہ ڈیڈ لائن ختم ہونے سے محض 90 منٹ قبل کیا۔ امریکہ نے ایران کو آبنائے ہرمز کی فوری بحالی کے لیے الٹی میٹم دے رکھا تھا، جس کی میعاد ختم ہونے سے کچھ دیر پہلے ہی سفارتی کوششیں بارآور ثابت ہوئیں اور تباہ کن حملوں کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، اسرائیل نے ایران پر جاری عسکری کارروائیاں معطل کر دی ہیں اور وہ اب اس وسیع تر سفارتی عمل کا حصہ بنے گا جس کی بنیاد وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر کے درمیان ہونے والے رابطے میں رکھی گئی تھی۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اسرائیل اب ان مذاکرات میں شامل ہو گا جو خطے میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے 10 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کی دعوت اب مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ اسرائیل کی شمولیت کے بعد ماہرین اسے "صدی کا اہم ترین سفارتی بریک تھرو" قرار دے رہے ہیں، جہاں پاکستان کی میزبانی میں مشرقِ وسطیٰ کے تمام بڑے فریقین امن کی راہ تلاش کریں گے۔

مزیدخبریں