پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025: معدنی ذخائر سے فائدہ اٹھا کر پاکستان کو قرضوں کے پہاڑ سے نجات حاصل کرسکتا ہے، شہباز شریف

02:24 PM, 8 Apr, 2025

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورم معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کا سبب بنے گا اور پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان اپنے معدنی وسائل کا بہتر استعمال کرے تو وہ آئی ایم ایف جیسے قرضوں سے نجات حاصل کر سکتا ہے۔

اسلام آباد میں شروع ہونے والے اس دو روزہ فورم میں دنیا بھر سے مختلف ممالک کے وفود شریک ہیں، جن میں امریکا، چین، سعودی عرب، روس، فن لینڈ اور دیگر شامل ہیں۔ وزیراعظم اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے فورم میں شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کھربوں ڈالر کے معدنی ذخائر موجود ہیں، جن سے فائدہ اٹھا کر نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں بلکہ ملک کی اقتصادی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ، پنجاب اور آزاد کشمیر میں معدنی وسائل کی بھرپور موجودگی کا ذکر کیا اور ان کے استعمال سے پاکستان کی معیشت میں انقلاب لانے کی بات کی۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں دنیا کے سب سے بڑے کوئلے کے ذخائر ہیں، اور سندھ حکومت اس ذخیرہ کو استعمال کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جس سے ملک کو قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔

انہوں نے سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کریں اور یہاں کے معدنی شعبے میں اہم کردار ادا کریں۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے کان کنی کے شعبے میں فنی تربیت کی ضرورت ہے، جس پر حکومت کام کرے گی۔

سی ای او بیرک گولڈ مارک برسٹو نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی معدنیات کے شعبے میں وسیع امکانات ہیں، اور ریکوڈک جیسے منصوبے پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ مقامی آبادی کے لیے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے، جن میں اسکولز، اسپتال اور کاروباری مواقع شامل ہوں گے۔ 
 
 

مزیدخبریں