پی ڈی ایم اے پنجاب کا درجہ حرارت میں اضافے اور بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری

12:34 PM, 8 Apr, 2025

لاہور : پی ڈی ایم اے پنجاب نے رواں ماہ کے دوران درجہ حرارت میں اضافے اور بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق، 8 اپریل سے 11 اپریل تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں آندھی اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

رواں ماہ کے دوران درجہ حرارت میں 4 سے 7 ڈگری تک اضافے کی توقع ہے، جس سے پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، اور ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ آج کم سے کم درجہ حرارت 23 جبکہ زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ وہ موسم کی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کر سکیں۔

مزیدخبریں