نیتن یاہو اور ٹرمپ کی ملاقات: تجارتی مسائل، غزہ جنگ پر گفتگو

10:43 AM, 8 Apr, 2025

واشنگٹن: اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں کئی اہم عالمی مسائل پر بات چیت کی گئی۔ نیتن یاہو نے ٹرمپ سے امریکا کی طرف سے اسرائیل پر لگائے گئے 17 فیصد ٹیرف پر اعتراض کیا اور تجارتی خسارے کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ تاہم، ٹرمپ نے اسرائیل کو اس ٹیرف سے مستثنیٰ دینے سے انکار کر دیا، اور کہا کہ امریکا کو اسرائیل کے ساتھ بڑے تجارتی خسارے کا سامنا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے غزہ کے حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا، اور ٹرمپ نے کہا کہ غزہ میں جنگ جلد رک جائے گی۔ نیتن یاہو نے اس مسئلے کے حل کے لیے مزید معاہدے کرنے کی بات کی اور کہا کہ فلسطینیوں کو آزادی سے کسی بھی جگہ جانے کا حق ملنا چاہیے۔ شام کے حوالے سے بھی اسرائیل نے اپنی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ترکی شام کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرے۔

اس ملاقات میں ٹرمپ نے ایران کے ساتھ تعلقات پر بھی بات کی، اور کہا کہ ایران کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کی کوشش کی جائے گی۔ اگر بات چیت کامیاب نہ ہوئی تو ایران کو بڑے خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

ملاقات کے دوران عالمی تجارتی حالات پر بھی بات کی گئی، اور ٹرمپ کے تجارتی فیصلوں کی وجہ سے عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں شدید مندی دیکھنے کو ملی۔ اس دوران، صدر ٹرمپ نے امریکی عوام کو صبر اور حوصلے کا پیغام دیا، اور کہا کہ حالات بہتر ہوں گے۔

مزیدخبریں