جماعت اسلامی کی 6 تجاویز، حکومت کا جمعرات کو دوبارہ مذاکرات کا اعلان

09:37 PM, 7 Sep, 2026

اسلام آباد:حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور خوشگوار ماحول میں مکمل ہوگیا، جماعت اسلامی نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے چھ تجاویز حکومتی ٹیم کے حوالے کردیں۔

 وفاقی وزیر احسن اقبال نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے جماعت اسلامی کو مذاکرات کی دعوت دی تھی اور اس سے تجاویز طلب کی تھیں۔ حکومت کبھی نہیں چاہتی کہ عوام پر بوجھ پڑے، تاہم بعض معاملات میں حکومت مجبور ہوتی ہے۔

 احسن اقبال نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ سے دنیا بھر کی معیشتیں متاثر ہوئی ہیں۔ جماعت اسلامی کی تجاویز کا متعلقہ اداروں کی رائے لینے کے بعد جائزہ لیا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ اگر کوئی تجویز ناقابلِ عمل ہوئی تو اس سے جماعت اسلامی کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور جمعرات کو ہوگا۔

 نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے جماعت اسلامی سے مذاکرات کے لیے حکومتی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ جماعت اسلامی نے اپنی تمام تجاویز حکومتی ٹیم کے حوالے کردی ہیں۔

 لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا دھرنا اور احتجاج جاری رہے گا۔ حکومت کو بتایا گیا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے باعث معیشت متاثر ہورہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بنیادی مطالبہ عوام کو ریلیف دینا ہے، حکمران اپنے اخراجات میں کمی کریں۔ ایسی گنجائش موجود ہے جس سے عوام کو ریلیف دیا جاسکتا ہے۔

 نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ توقع ہے حکومت تین روز میں تجاویز کا جائزہ لے گی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔ پٹرول اور ڈیزل پر 80 روپے براہِ راست پٹرولیم لیوی ہے۔

مزیدخبریں