بشکیک میں ورلڈ نومیڈ گیمز، پاکستانی ایتھلیٹس نے 4 کانسی کے تمغے جیت لیے

02:25 PM, 7 Sep, 2026

بشکیک: چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے رسہ کشی اور ماس ریسلنگ میں چار کانسی کے تمغے حاصل کرلیے۔

رسہ کشی کے 11 ایکس مقابلے میں پاکستانی ایتھلیٹ طیب رضا اعوان نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے مختلف مرحلوں میں روس، جارجیا اور برطانیہ کے حریفوں کو شکست دی، جبکہ تیسری پوزیشن کے میچ میں ایران کے کھلاڑی کو مات دے کر کانسی کا تمغہ جیتا۔

ٹیم رسہ کشی کے 88 ایکس مقابلے میں بھی قومی دستے نے شاندار کھیل پیش کیا۔ پاکستانی ٹیم نے بھارت سمیت کئی ممالک کے خلاف سخت مقابلے کیے اور تیسری پوزیشن کے میچ میں ایران کو شکست دے کر دوسرا کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں کا سامنا برطانیہ، روس، جنوبی کوریا، قازقستان، کرغزستان، برازیل اور جارجیا کے مضبوط حریفوں سے ہوا۔ قومی ایتھلیٹس نے مشکل مقابلوں کے باوجود ہمت نہ ہاری اور اپنی عمدہ کارکردگی سے سب کو متاثر کیا۔

ماس ریسلنگ میں محمد عاصم نے 90 کلوگرام کیٹیگری میں ایران کے ریسلر کو شکست دے کر پاکستان کے لیے تیسرا کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

خواتین کی 90 کلوگرام پلس کیٹیگری میں اقرا نصیب نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی اور پاکستان کے تمغوں کی تعداد چار تک پہنچا دی۔

پاکستانی دستے نے ورلڈ نومیڈ گیمز میں گھڑ سواری، تیر اندازی، رسہ کشی اور ماس ریسلنگ سمیت مختلف روایتی کھیلوں میں حصہ لیا۔ چار تمغوں کے حصول کے ساتھ قومی ٹیم نے ایونٹ میں اپنی شرکت کو یادگار بنا دیا۔

ورلڈ نومیڈ گیمز روایتی اور قدیم کھیلوں کے ساتھ وسطی ایشیا اور خانہ بدوش اقوام کی ثقافت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا اہم پلیٹ فارم ہیں۔ ان مقابلوں کا آغاز 2014 میں ہوا تھا اور بشکیک میں منعقد ہونے والا ایڈیشن اس سلسلے کا چھٹا ایونٹ تھا۔

ان کھیلوں میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹس نے روایتی کشتی، تیر اندازی، گھڑ سواری اور رسہ کشی سمیت مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کے لیے پاکستان سپورٹس بورڈ نے ٹریڈیشنل اسپورٹس فیڈریشن کے تعاون سے اقدامات کیے۔

قومی ایتھلیٹس کی کامیابی پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں اور منتظمین کو مبارکباد دی گئی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے پر ان کی کاوشوں کو سراہا گیا۔

مزیدخبریں