یومِ فضائیہ: پاک فضائیہ کی بہادری اور قربانیوں کوٹریبیوٹ

09:55 AM, 7 Sep, 2026

لاہور،کراچی،اسلام آباد: ملک بھر میں آج یومِ فضائیہ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے پاک فضائیہ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

 صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فضائیہ نے فضائی معرکوں میں پیشہ ورانہ برتری اور غلبے کا مظاہرہ کیا۔ پاک فضائیہ نے معرکۂ حق میں فیصلہ کن کردار ادا کیا، جس کے پیچھے شاندار کارکردگی، جرأت مندانہ قیادت اور بہترین منصوبہ بندی کارفرما رہی۔

 آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے تعداد میں کم ہونے کے باوجود مقابلہ کرنے کی روایت برقرار رکھی۔ دشمن خواہ کتنا ہی طاقتور ہو، پاکستانی قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔ پاک فضائیہ ملکی خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع کے لیے ہر لمحہ مستعد ہے۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دہائیوں پر محیط فضائی معرکوں میں اپنی مہارت اور برتری کا لوہا منوایا ہے۔ یہ ادارہ قربانی، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابلِ فخر تاریخ رکھتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ستمبر 1965ء میں فضائی حدود کے دفاع کے لیے پاک فضائیہ کا عزم دیدنی تھا اور اسی جوش و ولولے نے شاہینوں کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ وزیراعظم نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یومِ فضائیہ پر پاک فضائیہ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ راشد منہاس شہید سمیت پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فضاؤں میں جرأت، شجاعت اور بہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں۔

 مریم نواز نے کہا کہ یومِ فضائیہ قومی اتحاد، غیر متزلزل عزم اور حب الوطنی کے جذبے کی علامت ہے، جبکہ پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت میں پاک فضائیہ کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔

 وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 7 ستمبر 1965ء پاک فضائیہ کی غیر معمولی شجاعت اور بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کا تاریخی دن ہے۔ انہوں نے اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کی بہادری کو پاکستان کی عسکری تاریخ کا سنہری اور ناقابلِ فراموش باب قرار دیا۔

 انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں پر پوری قوم کو فخر ہے اور وطنِ عزیز کی فضائی سرحدوں کے پاسبان ہمہ وقت بیدار اور مستعد ہیں۔

مزیدخبریں