قازقستان کے اعلیٰ سطحی وفد کا 8 ستمبر کو دورۂ پاکستان متوقع

05:31 PM, 7 Sep, 2025

اسلام آباد :قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ مراد نرتلیو 8 ستمبر کو پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ نومبر میں قازق صدر کے مجوزہ دورے کی تیاریوں کا اہم حصہ ہے۔

مراد نرتلیو کے ہمراہ ایک 13 رکنی اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا، جس میں قازقستان کے وزیرِ ٹرانسپورٹ سمیت دیگر اہم حکام شامل ہیں۔ دورے کے دوران زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں پر مبنی مشترکہ ورکنگ گروپوں کے اجلاس بھی منعقد کیے جائیں گے، جن کا مقصد دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ مراد نرتلیو کی ملاقات پاکستانی ہم منصب سینیٹر اسحٰق ڈار سے ہو گی، جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات کیے جائیں گے۔ ان کی صدر پاکستان اور وزیراعظم سے ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق ان مذاکرات میں نہ صرف آئندہ صدارتی دورے کی تیاریوں پر غور کیا جائے گا بلکہ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، زراعت، سیاحت، ثقافت، علاقائی ربط، لاجسٹکس اور بین الاقوامی فورمز پر تعاون جیسے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔

یہ دورہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں باہمی شراکت داری کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزیدخبریں