ٹک ٹاک کا نیا قدم: فلمی شائقین اب ایپ سے ہی سینما ٹکٹ خرید سکیں گے

05:25 PM, 7 Sep, 2025

کیلیفورنیا:مقبول ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹِک ٹاک نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور منفرد فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے وہ اب فلموں کے ٹکٹ براہِ راست ایپ کے اندر سے ہی خرید سکتے ہیں۔

یہ سہولت فینڈینگو نامی مشہور ٹکٹنگ سروس کے ساتھ شراکت داری کے تحت پیش کی گئی ہے اور "ٹک ٹاک اسپاٹ لائٹ" کے بینر تلے کام کرے گی۔

نئے فیچر کا آغاز ڈزنی کی آنے والی فلم "Tron: Ares" کے ساتھ کیا گیا ہے، جو 10 اکتوبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ اب صارفین جب فلم سے متعلق کوئی ویڈیو دیکھیں گے تو وہاں ایک "Get Tickets" کا بٹن بھی نظر آئے گا، جس پر کلک کر کے وہ براہِ راست فینڈینگو کی ویب سائٹ پر جا کر ٹکٹ خرید سکیں گے۔

یہ نیا فیچر خاص طور پر ان صارفین کے لیے فائدہ مند ہوگا جو #MovieTok یا #FilmTok جیسے ہیش ٹیگز کے تحت فلموں پر مبنی مواد دیکھتے یا شیئر کرتے ہیں۔

ٹک ٹاک کے مطابق، امریکا میں ایپ استعمال کرنے والے تقریباً 50 فیصد افراد نے نئی فلموں کی معلومات ٹک ٹاک پر حاصل کیں، جن میں سے 36 فیصد نے فلم دیکھنے کا فیصلہ بھی اسی کے ذریعے کیا۔

یہ اقدام ٹک ٹاک کی ای-کامرس کی دنیا میں پیش قدمی کا حصہ ہے، اور ماہرین توقع کرتے ہیں کہ مستقبل میں ایپ میں مزید خریداری سے متعلق فیچرز بھی شامل کیے جائیں گے۔ یہ اپڈیٹ ٹک ٹاک کو صرف ایک تفریحی پلیٹ فارم ہی نہیں بلکہ فلمی مارکیٹنگ کا طاقتور ذریعہ بھی بنا دے گی۔

مزیدخبریں