لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، کراچی میں بھی بادل برسنے کو تیار

10:25 AM, 7 Sep, 2025

لاہور:پنجاب کے کئی شہروں میں آج موسم خوشگوار ہو گیا، کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں صبح سے بادل چھائے رہے اور وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔

شہر کے اہم علاقوں جیسے لکشمی چوک، ایبٹ روڈ، گڑھی شاہو، کینال روڈ، مال روڈ، چوبرجی، مزنگ، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن اور فیروزپور روڈ پر بادل خوب برسے، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

ادھر اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم اور اٹک میں بھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے فضا میں ٹھنڈک اور تازگی آ گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مزید کئی علاقوں جیسے سیالکوٹ، نارووال، قصور، اوکاڑہ، بہاولنگر، ساہیوال، پاکپتن، ڈی جی خان، خانیوال، سرگودھا، کوٹ ادو اور ملتان میں آج بھی بارش کی توقع ہے۔

دوسری طرف کراچی کے شہریوں کے لیے بھی خوشخبری ہے، کیونکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شام سے لے کر جمعرات تک شہر میں بارش ہو سکتی ہے۔ پیشگوئی کے مطابق کچھ علاقوں میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے، جس سے اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

اسی طرح خیبرپختونخوا کے پہاڑی اور میدانی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے، جن میں سوات، دیر، چترال، کوہستان، پشاور، باجوڑ، مہمند، کرم، کوہاٹ اور وزیرستان شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق اس وقت مون سون کا دسواں اسپیل جاری ہے، جو 9 ستمبر تک ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں برساتا رہے گا۔شہریوں سے کہا گیا ہے کہ احتیاط کریں، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد اور وہ لوگ جو سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

مزیدخبریں