پاک فضائیہ کا کردار پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے، یومِ فضائیہ پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام

09:51 AM, 7 Sep, 2025

اسلام آباد:یومِ فضائیہ کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں پاک فضائیہ کے کردار کو زبردست انداز میں سراہا ہے اور پوری قوم کی طرف سے اسے خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت 

صدر مملکت نے کہا کہ پاک فضائیہ نے 1965 کی جنگ میں بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی ایک نئی تاریخ رقم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن کے طیارے گرانا صرف ایک جنگی کامیابی نہیں، بلکہ ایک ایسا پیغام تھا جس نے پوری دنیا کو پاک فضائیہ کی صلاحیتوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ فضائیہ نے نہ صرف اس وقت وطن کا کامیابی سے دفاع کیا، بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ خود کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھال کر ایک ناقابلِ تسخیر قوت میں تبدیل کر لیا ہے۔

صدر نے رواں برس مئی میں ہونے والی بھارت سے جھڑپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے 4 روزہ جنگ میں بھارت کے 6 طیارے مار گرائے، اور اس کامیابی کا اعتراف خود بھارتی حکام کو بھی کرنا پڑا۔

وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے ہمیشہ قوم کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شاندار کارکردگی ہماری فضائیہ کی جرات مند قیادت، تربیت یافتہ جوانوں، اور جدید حکمت عملی کی مظہر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ پاکستانی فضائیہ نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو بھی پسپا کیا اور اس حقیقت کو دنیا نے تسلیم کیا کہ حوصلہ، جذبہ اور قربانی جدید ہتھیاروں سے کہیں زیادہ طاقتور ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن ان شہداء کے نام ہے جنہوں نے مادرِ وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایئر فورس کے جوانوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان فضائیہ ہمیشہ ملک کی خودمختاری اور سلامتی کی ضامن رہے گی۔

وزیراعظم نے قوم کو یاد دلایا کہ 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ نے بھارت کے 31 طیارے تباہ کیے تھے، جو آج بھی ہماری عسکری تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔

یومِ فضائیہ کی تقریبات کے دوران ایئر وائس مارشل شہریار احمد خان نے بھی دشمن کو واضح پیغام دیا کہ "اگر دوبارہ جنگ مسلط کی گئی، تو اس بار اسکور 6-0 نہیں بلکہ 60-0 ہوگا۔"

مزیدخبریں