لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کی ترقی پر تنقید کرنے والے دراصل صوبے کی کامیابی سے خائف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب کی بات نہیں کریں گی تو اور کون کرے گا؟
انہوں نے کہا کہ پنجاب آج ترقی اور صفائی میں نمایاں ہے، اور وہ چاہتی ہیں کہ سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے عوام بھی ایسی سہولیات سے مستفید ہوں، مگر اگر وہاں کے لوگ خود کو محروم سمجھتے ہیں تو انہیں اپنے حکمرانوں سے سوال کرنا چاہیے۔
مریم نواز نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گوگی پنکی کے دور میں پنجاب کی حالت خراب تھی اور گلیوں میں کچرے کے ڈھیر لگے ہوتے تھے۔ "آج جب وزیراعظم پنجاب آتے ہیں تو کام کی تعریف کرتے ہیں، یہ سب نواز شریف اور شہباز شریف سے سیکھا ہے،" انہوں نے کہا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب کو مزید آگے لے جانے کے لیے وہ پوری ٹیم کے ساتھ دن رات کام کر رہی ہیں اور ترقی کا سفر رکنے نہیں دیں گی۔