انسٹاگرام کا نیا میپ فیچر پاکستان میں دستیاب، قریبی مقامات ڈھونڈنا پہلے سے آسان

04:14 PM, 7 Oct, 2025

لاہور :  انسٹاگرام نے پاکستان میں اپنا نیا میپ فیچر باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا ہے، جس کے بعد اب صارفین ایپ کے اندر ہی قریبی ریسٹورینٹس، کیفے، تفریحی مقامات اور کاروبار تلاش کر سکیں گے۔

یہ فیچر دنیا کے کچھ ممالک میں پہلے ہی دستیاب تھا، لیکن اب اسے پاکستانی صارفین کے لیے بھی فعال کر دیا گیا ہے۔

انسٹاگرام کا نیا میپ فیچر آپ کو یہ سہولت دیتا ہے کہ:

آپ قریبی مقامات کو دریافت کریں جو مختلف پوسٹس یا اسٹوریز میں ٹیگ ہوئے ہوں۔
پسندیدہ جگہوں کو سیو کریں یا دوستوں کے ساتھ شیئر کریں۔
اور اگر آپ چاہیں تو طے کریں کہ آپ کی لوکیشن کون دیکھ سکتا ہے۔
اس فیچر کے ساتھ انسٹاگرام نے پرائیویسی کا خیال بھی رکھا ہے۔ اگر آپ اپنی لوکیشن شیئر کر رہے ہیں، تو وہ صرف 24 گھنٹوں کے لیے محفوظ ہوگی — اور اگر آپ ایپ نہ کھولیں تو وہ خودکار طور پر ڈیلیٹ ہو جائے گی۔

انسٹاگرام نے لوکیشن اسٹیٹس کے لیے تین نشان بھی رکھے ہیں:

 نیلا ایرو: لوکیشن شیئرنگ آن ہے۔
سرخ نقطہ: لوکیشن شیئرنگ آف ہے۔

 اورنج نشان: لوکیشن کی اجازت درکار ہے۔
ایک اور نیا اضافہ یہ ہے کہ اب آپ اپنی اسٹوری، پوسٹ یا ریل پبلش کرنے سے پہلے دیکھ سکتے ہیں کہ وہ میپ پر کیسی نظر آئے گی۔یہ فیچر خاص طور پر مقامی کاروباروں کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے، کیونکہ لوگ اب ایپ کے ذریعے ہی قریبی دکانیں، کیفے یا دیگر سروسز تلاش کر سکیں گے۔

مزیدخبریں