لاہور : اگر آپ روزمرہ زندگی میں سیڑھیاں چڑھنے کو معمولی کام سمجھتے ہیں تو ایک بار پھر سوچیں۔ ماہرین صحت کے مطابق یہ معمولی سی عادت آپ کو بڑی بڑی بیماریوں سے بچا سکتی ہے اور صحت مند زندگی کا راز بن سکتی ہے۔
تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ روزانہ صرف چند منٹ سیڑھیاں چڑھنا دل، دماغ اور جسم کے لیے حیرت انگیز فائدے رکھتا ہے۔ ہفتے میں صرف 30 منٹ کی یہ سرگرمی دل کے دورے، فالج اور ہائی بلڈ پریشر جیسے امراض سے بچاتی ہے۔
سیڑھیاں چڑھنا ایک آسان لیکن مؤثر جسمانی مشق ہے۔ اس سے:
دل اور پھیپھڑے بہتر کام کرتے ہیں
جسم کی چربی کم ہوتی ہے
ٹانگوں، کولہوں اور کمر کے پٹھے مضبوط ہوتے ہیں
وزن گھٹانے میں مدد ملتی ہے
یہ ورزش خاص طور پر ان لوگوں کے لیے فائدہ مند ہے جو جم نہیں جا سکتے یا مہنگے فٹنس پلان افورڈ نہیں کر سکتے۔
سیڑھیاں چڑھنے سے نہ صرف جسمانی قوت بڑھتی ہے بلکہ ہڈیاں بھی مضبوط ہوتی ہیں۔ یہ عادت عمر بڑھنے کے ساتھ جسمانی توازن قائم رکھنے میں مدد دیتی ہے اور چلنے پھرنے میں آسانی پیدا کرتی ہے۔یہ سرگرمی دماغ پر بھی مثبت اثر ڈالتی ہے۔ سیڑھیاں چڑھنے سے خوشی کے ہارمونز خارج ہوتے ہیں جو موڈ بہتر بناتے ہیں اور ذہنی دباؤ کم کرتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ سیڑھیاں چڑھنے کو اپنی روزمرہ کی عادت بنا لیتے ہیں، وہ نہ صرف بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں بلکہ ان کی زندگی بھی طویل اور صحت مند ہوتی ہے۔