ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی

01:46 PM, 7 Oct, 2025

اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ملک کے کئی علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر گلگت بلتستان، کشمیر اور پہاڑی علاقوں میں بارش کا امکان زیادہ ہے، جبکہ باقی علاقوں میں زیادہ تر موسم خشک رہے گا۔

اسلام آباد میں موسم خشک رہے گا اور آسمان جزوی طور پر ابر آلود ہوگا۔ پنجاب کے کئی شہروں جیسے راولپنڈی، مری، لاہور، سیالکوٹ اور دیگر جگہوں پر بھی کہیں کہیں بارش کی توقع ہے۔ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بھی آسمان کچھ حد تک ابر آلود رہے گا، اور سندھ کے زیادہ تر حصے گرم اور خشک رہیں گے۔

خیبر پختونخوا کے دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ اور بٹگرام میں بھی بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پنجاب، کشمیر، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش ہوئی، جبکہ ملک کے باقی حصے گرم اور خشک رہے۔

دوسری طرف، پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھنے کا الرٹ جاری کیا ہے۔ خاص طور پر دریائے جہلم میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے اگلے 24 گھنٹوں میں منگلا اپ اسٹریم کے علاقے میں درمیانے درجے کا سیلاب آ سکتا ہے۔ اس لیے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات کریں اور ہوشیار رہیں۔

مزیدخبریں