اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف سے ملائیشیا کی بڑی کمپنی گوبی پارٹنرز کے وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت کمپنی کے کو فاؤنڈر تھامس ساؤ نے کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعلقات بڑھانے پر بات ہوئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان کاروبار کے بہت مواقع ہیں اور دونوں ملک مل کر ان کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے حالیہ بزنس کانفرنس کو ایک اہم کامیابی قرار دیا اور کہا کہ اس سے کاروباری روابط میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کاروبار کو آسان بنانے اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی سرمایہ کاری کونسل سرمایہ کاروں کی مدد کے لیے سرگرم ہے۔
شہباز شریف نے سٹارٹ اپس اور نئی ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ حکومت ان شعبوں میں ترقی کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت، خاص طور پر فِن ٹیک، ای کامرس اور آئی ٹی کی خدمات پاکستان کی ترقی میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔
گوبی پارٹنرز کے وفد نے بھی پاکستان میں ای کامرس اور فنانشل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ملاقات میں دیگر اہم وزراء اور حکام بھی موجود تھے۔